ہومپاکستاناقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، غیر ملکی سپلائرز کے اکاونٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی منظوری

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، غیر ملکی سپلائرز کے اکاونٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے کی منظوری

اسلام آباد(سب نیوز) ای سی سی نے پاسکو کی گندم وصول کنندہ اداروں کو فراہم کرنے، غیر ملکی سپلائرز کے اکاونٹ پر پٹرولیم مصنوعات درآمد کرنے، روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے لیے یونین کے ساتھ مذاکرات کرنے والی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دیدی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پیر کو ہوئے ای سی سی کے اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز سے متعلق 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ ای سی سی نے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ پاسکو کے گندم ذخائر تمام وصول کنندہ اداروں کو 85 فیصد مقامی اور 15 فیصد درآمدی گندم کی شرح سے فراہم کرنے کی سمری کی منظوری دے دی۔
یہ تجویز پاسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر پیش کی گئی تھی جس کا مقصد درآمدی گندم کے ذخیرے کو بروقت تلف کرنا تھا۔ ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ پیٹرولیم مصنوعات غیر ملکی سپلائرز کے اکانٹ پر کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج سہولیات کے ذریعے درآمد کرنے کی تجویز بھی منظور کرلی اس تجویز کا مقصد آئل اور گیس کے شعبے میں ملک کے توانائی کے تحفظ کے بنیادی ستونوں کو ترقی اور مضبوط بنانا ہے جن میں مقامی پیداوار، اسٹریٹجک پٹرولیم ذخائر کی ترقی اور کسٹمز بانڈڈ اسٹوریج سہولیات کا فروغ شامل ہے تاکہ پٹرولیم کی مضبوط اور پائیدار سپلائی چین یقینی بنائی جا سکے۔
ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری پر پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان پہلے طے پانے والے بین الحکومتی معاہدے کی روشنی میں سیل پرچیز ایگریمنٹ کی بھی منظوری دے دی، اس معاہدے کا مقصد توانائی کے شعبے میں او کیو ٹریڈنگ اور پی ایس او کے درمیان تعاون کو فروغ اور ترقی دینا ہے۔ای سی سی نے ڈیفنس ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری پر روزویلٹ ہوٹل کی ازسرنو ترقی کے لیے یونین کے ساتھ رابطہ کرتے ہوئے تصفیے کے لیے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔