ہومتازہ ترینامیر محمد خان کا دورہ متحدہ عرب امارات مکمل، جدہ واپسی پر صحافتی و سماجی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

امیر محمد خان کا دورہ متحدہ عرب امارات مکمل، جدہ واپسی پر صحافتی و سماجی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار


جدہ(خالد نواز چیمہ): سعودی عرب کے معروف کالم نگار، نامور صحافی، تجزیہ نگار اور پاکستان جرنلسٹس فورم کے چیئرمین امیر محمد خان دورہ متحدہ عرب امارات مکمل کرنے کے بعد واپس جدہ پہنچ گئے۔ ان کے دورۂ متحدہ عرب امارات کے دوران صحافتی، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ہونے والی ملاقاتیں انتہائی کامیاب اور مفید رہیں، جن میں باہمی روابط کے فروغ، صحافتی امور، اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مسائل اور مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔


جدہ واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے امیر محمد خان نے اپنے دورۂ متحدہ عرب امارات کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ مختلف حوالوں سے انتہائی اہم اور کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور کمیونٹی کے دیگر معزز افراد سے ملاقاتوں کے دوران مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی، جس سے باہمی روابط مزید مضبوط ہوئے۔


امیر محمد خان نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی صحافی اور کمیونٹی رہنما اپنے اپنے شعبوں میں وطن عزیز اور پاکستانی کمیونٹی کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافتی برادری کے درمیان رابطوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور مثبت، ذمہ دارانہ اور معیاری صحافت کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دورۂ متحدہ عرب امارات کے دوران بھی وہ پاکستان جرنلسٹس فورم سعودی عرب کے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور فورم کی سرگرمیوں اور کارکردگی سے باخبر رہے۔ انہوں نے اپنی غیر موجودگی میں فورم کے امور کو احسن انداز میں جاری رکھنے اور ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھانے پر فورم کے تمام عہدیداران اور ساتھی صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
امیر محمد خان نے پاکستان جرنلسٹس فورم کے تمام ساتھیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فورم کی کامیابی دراصل تمام اراکین کی مشترکہ محنت، اخلاص اور باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی محبت، اعتماد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی صحافتی برادری کو متحد رکھنے، صحافیوں کے مسائل اجاگر کرنے اور کمیونٹی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جرنلسٹس فورم سعودی عرب ایک مضبوط اور فعال پلیٹ فارم کے طور پر صحافیوں کو باہم مربوط کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، پاکستانی کمیونٹی کی مثبت سرگرمیوں اور اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
امیر محمد خان کی جدہ واپسی پر پاکستان جرنلسٹس فورم کے عہدیداران اور اراکین نے ان کے کامیاب دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے تجربات اور ملاقاتوں کے نتیجے میں صحافتی و سماجی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔