جدہ(خالد نواز چیمہ )سعودی عرب میں پاکستانی کمپنی اسکانکم نے سعودی انرجی کے ساتھ جدہ میں آئندہ پانچ سال کے لیے ایک بڑے اور اہم معاہدے کے حصول کی صورت میں نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے۔اس اہم پیش رفت کو سعودی عرب میں پاکستانی کاروباری اداروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہترین کارکردگی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
اسکانکم کی یہ کامیابی کمپنی کی پوری ٹیم کی مسلسل محنت، عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور معیاری خدمات کا نتیجہ ہے، جس نے سعودی مارکیٹ میں پاکستانی کمپنیوں کے لیے مزید مواقع کی راہ ہموار کی ہے۔اس موقع پر چوہدری شفقت محمود، جنرل منیجر اسکانکم اور صدر پاکستان انویسٹرز فورم جدہ سعودی عرب نے کہا کہ یہ معاہدہ پوری ٹیم کے لیے باعثِ فخر ہے اور سعودی عرب میں پاکستانی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی ساکھ اور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے اس کامیابی پر اسکانکم کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کاروباری ادارے اپنی محنت، قابلیت اور پیشہ ورانہ معیار کے ذریعے سعودی عرب کی ترقی میں مثر کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون بھی مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ اس طرح کے بڑے معاہدے پاکستانی کمپنیوں کے لیے سعودی عرب میں کاروباری مواقع کے نئے دروازے کھولنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔چوہدری شفقت محمود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسکانکم مستقبل میں بھی اعلی معیار، پیشہ ورانہ خدمات اور بہترین کارکردگی کے ذریعے سعودی عرب میں پاکستان کا مثبت تشخص مزید اجاگر کرتی رہے گی۔
