اسلام آباد:(سب نیوز) گلبرگ گرین میں کال سینٹر کے خلاف گزشتہ رات کارروائی کے دوران تقریباً 400 افراد کو حراست میں لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں بڑی تعداد غیر ملکی شہریوں کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد گرفتار افراد کو ابتدائی طور پر سب جیل منتقل کیا گیا، جبکہ غیر ملکی شہریوں کی اڈیالہ جیل منتقلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے گرفتار افراد کو مرحلہ وار اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت، قومیت اور سفری دستاویزات کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ غیر ملکی شہریوں کے ویزوں، پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان میں ان کی قانونی حیثیت اور کال سینٹر میں سرگرمیوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں یہ بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کال سینٹر میں کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے پاس پاکستان میں کام کرنے کی قانونی اجازت موجود تھی یا نہیں اور انہیں رہائش و ملازمت کی اجازت کس بنیاد پر حاصل تھی۔
کارروائی کے دوران حاصل کیے گئے اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد بھی تحقیقات کا حصہ بنا لیے گئے ہیں۔ کال سینٹر کی سرگرمیوں، ملازمین اور انتظامیہ کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔
گلبرگ گرین میں ایک ہی مقام سے بڑی تعداد میں غیر ملکی شہریوں کی گرفتاری نے سکیورٹی اور امیگریشن حکام کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ تحقیقات میں یہ اہم سوال بھی زیرِ غور ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی شہری کال سینٹر میں کس مقصد کے تحت سرگرم تھے اور وہاں ہونے والی سرگرمیوں کی نوعیت کیا تھی۔
حکام نے تاحال گرفتار افراد کی حتمی تعداد اور ان کی قومیتوں کی تفصیلات باضابطہ طور پر جاری نہیں کیں۔ گرفتار افراد کے خلاف درج مقدمات اور قانونی کارروائی کی مکمل تفصیلات بھی سامنے نہیں آ سکیں۔
ذرائع کے مطابق قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد گرفتار غیر ملکیوں کو مرحلہ وار اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔ مزید تفتیش کے بعد کال سینٹر کی انتظامیہ اور دیگر ممکنہ کرداروں سے متعلق اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔
