اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے، وزارت خارجہ پہنچنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ناروے کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، وفود کی سطح پر ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دوران ملاقات پاک ناروے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروے کے وزیرخارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان ناروے کے ساتھ اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، پاکستان اور ناروے کے درمیان 78 سالہ شراکت داری موجود ہے، نارویجن کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن نارتھ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورناروے کے تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، امریکا اور ایران جنگ میں بطور ثالث وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیرکا کردار قابل تعریف ہے، پاکستان کی قیادت نے مشکل وقت میں جرأتمندانہ کردار ادا کیا۔
ایسپن نارتھ نے کہا کہ موجودہ کشیدگی عالمی امن اورمعیشت کیلئے انتہائی خطرناک ہے، پاکستان نے خطے اور عالمی امن کیلئے احسن کردار ادا کیا، ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے، پاکستان میں ناروے کی متعدد کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں،ناروےکی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں اپناکرداراداکررہی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ کے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، ناروے کے وزیر خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو سراہا۔
ترجمان کے مطابق فریقین نے پاکستان اور ناروے کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، فریقین نے باہمی دلچسپی کی علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ناروے کے وزیر خارجہ نے حالیہ ایران-امریکہ تنازع کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا، وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی قیادت اور خدمات کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
