ہومتازہ ترینآزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری، پیپلز پارٹی کا ن لیگ پر دھاندلی کا الزام

آزاد کشمیر انتخابات کا تیسرا مرحلہ، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری، پیپلز پارٹی کا ن لیگ پر دھاندلی کا الزام

مظفر آباد (سب نیوز)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
حلقہ ایل اے 14 ڈھیرکوٹ کے 214 میں سے 67 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہو گیا ہے، جس کے مطابق عوامی دست و بازو پاری کے امید وار ساجد اقبال 11 ہزار 819 ووٹ لے کر آ گے ہیں جب کہ مسلم کانفرنس کے امید وار سردار عتیق خان 4 ہزار 317 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ کے 213 میں سے 81 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے، جس کے مطابق جماعت سلامی کے امید وار بریگیڈیئرمحمد خان 8 ہزار 783 ووٹ لے آگے ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر 5 ہزار 128 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ کے 186 میں سے 17 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امید وار سردار قمر زمان 2 ہزار 626 ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن)کے امید وار سردار میر اکبر خان 2 ہزار 548 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہیں۔
حلقہ ایل اے 17 حویلی کے 190 میں سے 17 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے امید وار چوہدری محسن عزیز 2 ہزار 870 ووٹ لے کر آگے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی کے امید وار فیصل ممتاز راٹھور 2 ہزار 530 ووٹوں کے ساتھ پیچھے ہیں۔
قبل ازیں پیر کے روز پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع باغ اور حویلی کے 4 اہم حلقوں میں پولنگ ہوئی، صبح 8 بجے شروع ہونے والا ووٹنگ کا سلسلہ شام 5 بجے تک جاری رہا۔ ان حلقوں میں تقریبا 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔ان چار حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے حصہ لینے والے مجموعی طور پر 72 امیدوار مدمقابل ہیں، جن میں موجودہ وزیراعظم اور 2 سابق وزرائے اعظم بھی شامل ہیں، جس کی وجہ سے یہ انتخابی معرکہ انتہائی دلچسپ اور توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔