ہومتازہ ترینبیت المقدس کے کسی حصے پر اسرائیل کی خودمختاری کو قطعا تسلیم نہیں کیا جائیگا، اسحاق ڈار کا دوٹوک اعلان

بیت المقدس کے کسی حصے پر اسرائیل کی خودمختاری کو قطعا تسلیم نہیں کیا جائیگا، اسحاق ڈار کا دوٹوک اعلان

عمان (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہیں، مسجد اقصی میں انتہا پسند اسرائیلیوں کی دراندازی قابل مذمت ہے۔ بیت المقدس کے کسی حصے پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے غزہ میں بگڑتی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے موثر کردار ادا کرے۔عمان میں فلسطین سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے اور وہاں کے لاکھوں شہری پانی، خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری تسلیم نہیں کی جا سکتی اور وہاں کیے جانے والے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے منافی ہیں۔
نائب وزیراعظم نے مسجد اقصی میں انتہا پسند اسرائیلی عناصر کی دراندازی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کے تقدس کی پامالی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری ایسے اقدامات کا نوٹس لے اور انہیں روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی مسلسل حمایت کرتا رہے گا اور فلسطین سے متعلق بورڈ آف پیس کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہمیشہ بین الاقوامی قانون، انصاف اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے اصولوں کے مطابق رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔