راولپنڈی: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں متعدد خوارج مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں عزم استحکام وژن کے تحت گزشتہ 2 ماہ سے مؤثرانٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں کارروائی کے دوران متعدد خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا ہے، ہلاک خوارج دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں فتنۃ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
