اسلام آباد(سب نیوز)پاکستانی شہریوں نے وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے تحت ایک روزہ تاریخی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی۔
اسلام آباد میں ایتھوپین سفارتخانے نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے تعاون سے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا، جس میں سفارتی برادری، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
پاکستان میں منعقدہ اس تقریب کا مقصد ایتھوپیا کے ایک ہی دن میں 80 کروڑ پودے لگانے کے بڑے قومی ہدف سے اظہار یکجہتی کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے ناظم الامور مسٹر میلاو گیٹاشیو نے شرکاء کو گرین لیگیسی انیشی ایٹو کے اثرات اور اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت ایتھوپیا اب تک 48 ارب سے زائد پودے لگا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’آج کی شجرکاری مہم کا مقصد ایتھوپیا میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہے جو آج 80 کروڑ پودے لگانے کے ہدف کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔‘‘
انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی لچک کے فروغ میں ایتھوپیا کے عالمی کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت ادیس ابابا آئندہ COP32 موسمیاتی سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
کلین اینڈ گرین موومنٹ اسلام آباد کے چیئرمین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ظفر بختاوری نے ایتھوپیا کی بڑے پیمانے پر شجرکاری اور جنگلات کی بحالی کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ گرین لیگیسی انیشی ایٹو اسلام آباد میں جاری ہمارے اپنے کلین اینڈ گرین موومنٹ کے مشترکہ اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف متحد اور عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
