واشنگٹن: (آئی پی ایس) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف ایسے بڑے فوجی حملے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے جن کی شدت دوسری جنگِ عظیم کے بعد کم ہی دیکھی گئی ہو۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹ ہیگسیتھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج ہر ممکن کارروائی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، پینٹاگون کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہے اور امریکی افواج کو مکمل جنگی تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہا کہ امریکی فوج مکمل طور پر تیار اور فوری کارروائی کے لئے موجود ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا ایران کے خلاف ایسے حملے کر سکتا ہے جن کی شدت دوسری جنگِ عظیم کے بعد مثال بن جائے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری مسلسل سفارتی حل اور تحمل پر زور دے رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق موجودہ صورتحال میں دونوں ممالک کے بیانات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی سلامتی، توانائی کی منڈیوں اور بین الاقوامی سیاست پر بھی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
