اسلام آباد:(آئی پی ایس) پاکستان اور روس کے درمیان تجارت سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منیلا میں روسی ہم منصب سے ملاقات کی ہے، جس میں تجارت سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منیلا میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں پاکستان اور روس نے تجارت، توانائی، رابطہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اور باہمی رابطوں کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران پاک روس شراکت داری کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ اسحاق ڈار اور سرگئی لاوروف کے درمیان علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
ترجمان کے مطابق دونوں ممالک نے مستقبل میں بھی باہمی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
