جدہ (خالد نواز چیمہ)مملکتِ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے پاکستان انویسٹر فورم جدہ کے صدر چوہدری شفقت محمود دھول سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اوورسیز پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کو مزید مؤثر انداز میں سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار مزید مضبوطی سے ادا کر سکیں۔
چوہدری شفقت محمود دھول نے کہا کہ پاکستان انویسٹر فورم جدہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کا ایک فعال اور مؤثر پلیٹ فارم ہے، جو کئی برسوں سے پاکستانی سرمایہ کاروں کی رہنمائی، ان کے کاروباری مفادات کے تحفظ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سعودی عرب و پاکستان کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
سفیر پاکستان احمد فاروق نے پاکستان انویسٹر فورم جدہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کا اہم سرمایہ ہیں اور ان کی سرمایہ کاری، تجربہ اور خدمات پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سفارت خانہ پاکستان، ریاض پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور اقتصادی روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
