ہومتازہ ترینافغانستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی ، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتا

افغانستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی ، 20 افراد جاں بحق، 100 سے زائد لاپتا

کابل: (آئی پی ایس) افغانستان کے شمال مشرقی صوبے نورستان میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، مختلف حادثات میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 100 سے زیادہ افراد لاپتا ہیں۔
افغان حکام کے مطابق نورستان میں سیلاب نے صوبائی دارالحکومت پارون اور گرد و نواح کے علاقوں کو بری طرح متاثر کیا، سیلابی ریلے اپنے ساتھ مکانات، دکانیں اور دیگر املاک بہا لے گئے۔

افغانستان کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، اب تک 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ پارون شہر میں دریا کے کنارے قائم بازار مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جہاں پہلے دکانیں اور ہوٹل موجود تھے، وہاں اب صرف کیچڑ، ملبہ اور بڑے بڑے پتھر دکھائی دے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق سیلاب سے متعدد ہوٹل، درجنوں دکانیں، سڑکیں اور دیگر بنیادی ڈھانچہ بھی شدید متاثر ہوا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

افغان ڈیزاسٹر ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک کے مختلف صوبوں میں مزید بارشوں اور طوفانوں کا امکان ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

نورستان پاکستان کی سرحد سے ملحق پہاڑی صوبہ ہے، جہاں مون سون بارشوں کے دوران اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں، حالیہ سیلاب خطے میں حالیہ برسوں کے بدترین قدرتی سانحات میں سے ایک ثابت ہو سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔