نیویارک (سب نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر فرانس کے وزیر برائے یورپ و امور خارجہ جین نوئل باروٹ سے ملاقات کی۔دونوں فریقین نے پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی و عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں سیاسی روابط میں اضافہ، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر تبادلے شامل ہیں۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے دو ریاستی حل کی حمایت میں فرانس کی کوششوں کو سراہا، بشمول اسرائیلی بستیوں سے درآمدات کو محدود کرنے کے فیصلے کی۔ دونوں وزرا نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین بین الاقوامی ایجنڈے میں سرفہرست رہنا چاہیے اور ایک منصفانہ، پائیدار اور جامع حل کے لیے مسلسل بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ایران سے متعلق صورتحال پر، دونوں فریقین نے بحران سے نمٹنے کے لیے مسلسل سفارتی رابطوں اور علاقائی کوششوں کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا اور اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں وزرا نے سمندری ٹریفک کی حفاظت و بلا تعطل آمدورفت اور توانائی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، کیونکہ اس میں خلل کے وسیع تر معاشی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے اور بات چیت کو فروغ دینے کے لیے علاقائی فورمز کے استعمال کی اہمیت سے اتفاق کیا۔دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے فرانس کے وزیر برائے یورپ و امور خارجہ کی ملاقات ،خطے میں امن کیلئے پاکستان کو کوششوں کو سراہا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
