ہومدنیاچین اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ موجود ہے، چینی وزارت خارجہ

چین اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ موجود ہے، چینی وزارت خارجہ

بیجنگ:برطانوی حکومت نے اعلان کیا کہ “اسٹیل انڈسٹری (نیشنلائزیشن) ایکٹ”​ کے تحت برٹش اسٹیل کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے، جس کا انتظام اس سے قبل چین کے جنگ یے گروپ کے پاس تھا۔ برطانوی حکومت نے مزید کہا کہ ثانوی قانون سازی کے ذریعے معاوضے کا نظام قائم کیا جائے گا اور اس کے لیے آزادانہ جائزہ لیا جائے گا۔ برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کے مطابق یہ فیصلہ برطانیہ کی اسٹیل صنعت کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور ہنرمند افراد کے روزگار کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایک سوال کےجواب میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ​اس حوالے سے چین کی وزارتِ تجارت پہلے ہی اپنا مؤقف پیش کر چکی ہے۔ ترجمان نے زور دیا کہ اس معاملے پر چینی عوام خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ برطانیہ اس معاملے کو جس انداز سے نمٹائے گا، اس کا براہِ راست اثر برطانیہ میں سرمایہ کاری کے ماحول سے متعلق چینی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور برطانوی حکومت کی ساکھ کے بارے میں چینی عوام کے تاثر پر پڑے گا۔ چین اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ موجود ہے، سرمایہ کاروں کے جائز اور قانونی حقوق و مفادات کا مکمل تحفظ قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ چین برطانیہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مارکیٹ کے اصولوں اور معاہدے کی روح کا احترام کرے اور ایسے حل تک پہنچے جس میں معاوضے سمیت دونوں فریقوں کی رضامندی شامل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین متعلقہ کمپنی کو اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی ذرائع اختیار کرنے کی حمایت کرتا ہے، اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اور ضرورت پڑنے پر اپنے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔