اسلام آباد(آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن کے موقع پر اپنے دوست، انڈونیشیا کے وزیر برائے اقتصادی امور ایرلانگا ہرتارتو سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔
سماجی رابطہ کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور کثیرالجہتی امور پر بھی گفتگو کی۔سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے دسمبر 2025 میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کے پاکستان کے تاریخی دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر عمل درآمد، اہم اقتصادی اور ترقیاتی نتائج کا بھی جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ انہیں دونوں برادر ممالک کے لیے عملی اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔
