اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون کے نئے مواقع روشن مستقبل کی نوید ہیں۔اسلام آباد میں فارماسیوٹیکل، ہیلتھ کیئر اور بائیوٹیکنالوجی سے متعلق پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے بزنس ٹو بزنس تعاون کا وژن پیش کیا ہے، جو عملی شراکت داری کے لیے ایک نئی راہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کاروباری اداروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی دلچسپی اور تعاون کا اظہار کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔چینی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف ترقیاتی اور سرمایہ کاری منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے 20 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جو ملک کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بالخصوص صحت، فارماسیوٹیکل اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جبکہ ان شعبوں میں پاک چین تعاون نہ صرف سرمایہ کاری بلکہ جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور استعداد کار میں اضافے کا بھی باعث بنے گا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون مستقبل میں مشترکہ سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور عوامی فلاح کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
