ہومپاکستاننائب وزیراعظم اسحاق ڈار چین پہنچ گئے، عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کرینگے

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چین پہنچ گئے، عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کرینگے

شنگھائی (سب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 2 روزہ سرکاری دورے پر چین کے شہر شنگھائی پہنچ گئے جہاں وہ 16 اور 17 جولائی کے دوران عالمی مصنوعی ذہانت سے متعلق اہم تقریبات میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اپنے وفد کے ہمراہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (وائیکو)کے قیام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے اور پاکستان کی جانب سے بانی رکن کی حیثیت سے اس معاہدے پر دستخط کرینگے۔دورے کے دوران نائب وزیراعظم 17 جولائی کو 2026 ورلڈ اے آئی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے جبکہ مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
شنگھائی ایئرپورٹ پہنچنے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا استقبال شنگھائی میونسپل پارٹی کمیٹی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور نائب میئر وو وی، چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان اور شنگھائی میں پاکستان کے قونصل جنرل شہزاد احمد خان نے کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان کے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔