کراچی (سب نیوز)گورنر سندھ نہال ہاشمی نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اپنے حالیہ متنازع بیان کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہید ایک آفاقی لفظ ہے اور وطنِ عزیز کی خاطر جان قربان کرنے والے غازی اور شہدا پوری قوم کا فخر ہیں، جن کے شانہ بشانہ پوری قوم متحد کھڑی ہے۔کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے بیان پر شاید اب ندامت ہو رہی ہو گی، لہذا اگر کبھی زبان پھسل جائے تو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بات واپس لے لینی چاہیے۔
گورنر سندھ نے شہدا کے عظیم مرتبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مال لینا اور کسی بات کو مان لینا بہت آسان ہے، لیکن وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنا دنیا کا سب سے مشکل ترین کام ہے۔انہوں نے مذہبی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہید کا رتبہ انتہائی بلند ہے اور قرآنِ پاک میں بھی شہید کو مردہ کہنے سے سختی سے منع فرمایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی وقار، سلامتی اور عزت ہم سب کے لیے مقدم ہونی چاہیے۔پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ایسے کٹھن اور سنگلاخ پہاڑوں، گھنے جنگلوں اور موسم کی سخت ترین پامالیوں کو برداشت کرتے ہیں جہاں عام انسان کا جانا تو دور کی بات، سوچنا بھی محال ہے۔انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند اور رواداری کا داعی ملک ہے اور اس کا وجود رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلام امن اور رواداری کا دین ہے۔ انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو مزید مثر اور بہتر انداز میں پھیلانے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں، تاکہ ملک کو انتشار اور نفرت انگیز بیانیوں سے بچایا جا سکے۔
مال دینا آسان، جان دینا مشکل کام ہوتا ہے، گورنر سندھ کی فضل الرحمان پر کڑی تنقید، بیان واپس لینے کا مطالبہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
