ہومپاکستانوزیراعلیٰ پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا آغاز، پروسیسنگ زون قائم کرنے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا آغاز، پروسیسنگ زون قائم کرنے کا اعلان

لاہور(سب نیوز)وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب میں پنک سالٹ کی صنعت، روزگار اور برآمدات کے فروغ کے لیے انقلابی اقدام کرتے ہوئے چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا ڈیجیٹل افتتاح کردیا، جبکہ قائد آباد کے قریب 110 ایکڑ پر پنک سالٹ منرل پراسیسنگ زون قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مجوزہ پروسیسنگ زون میں 200 سے زائد صنعتی یونٹس قائم کیے جائیں گے، جہاں تقریبا 150 ملین کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس سے 10 ہزار افراد کے لیے براہِ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سنٹر اور ماڈل ریٹیل آٹ لیٹ بھی قائم کیے جائیں گے۔بریفنگ کے مطابق نئے سرمایہ کار پنک سالٹ کی پروسیسنگ، گرائنڈنگ، ریفائننگ، کلیننگ اور پیکجنگ کے لیے 50 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے حاصل کر سکیں گے، جبکہ قرض کی واپسی کی مدت 5 سال مقرر کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن سے سالانہ 300 ملین ڈالر تک زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے، پہلے مرحلے میں پنک سالٹ کی بولی 471 ملین روپے تک پہنچی، جبکہ دوسرے مرحلے میں اب تک ڈھائی ارب روپے کی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں، مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ میں لیز اور لائسنس کی نیلامی کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے سے بھی ریونیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ چیف منسٹر پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ریونیو میں اضافہ ہوگا اور پنک سالٹ کی عالمی برآمدات کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کے ذریعے پنک نمک کی پیکنگ، پروسیسنگ اور ڈیکوریشن مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوگا، پنک سالٹ پر اب میڈ اِن پاکستان ہی لکھا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان کی پوری دیانتداری سے حفاظت کی جائے گی، اللہ تعالی نے پنجاب کو دنیا کے بہترین پنک سالٹ ذخائر سے نوازا ہے اور پاکستان کا پنک سالٹ اپنے منفرد معدنی اجزا اور اعلی معیار کے باعث دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔