اسلام آباد(آئی پی ایس ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر طاہر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار برآمدی ترقی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور علاقائی و عالمی منڈیوں میں اپنی موثر موجودگی یقینی بنانے کے لیے کمرشل ڈپلومیسی کو اپنی اقتصادی اور خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون بنانا ہوگا۔
انہوں نے پیر کے روز چیمبر ہاس میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے سابق صدر ذکریا ضیا، افتخار سیٹھی، میاں وقاص مسعود اور مرزا محمد علی پر مشتمل صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مینوفیکچرنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ مصنوعات، معدنیات اور خدمات سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے، تاہم مربوط، مثر اور نتیجہ خیز کمرشل ڈپلومیسی کے فقدان کے باعث ملک ان مواقع سے مکمل طور پر فائدہ نہیں اٹھا سکا۔
طاہر ایوب نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں اور تجارتی مشنز کو فعال معاشی سفیروں کا کردار ادا کرنا چاہیے، جو کاروباری برادری کے ساتھ قریبی روابط استوار کرتے ہوئے نئی منڈیوں کی نشاندہی کریں، بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیں، شعبہ جاتی تجارتی تقریبات کا انعقاد کریں اور پاکستانی برآمدکنندگان کو طویل المدتی تجارتی شراکت داریوں کے قیام میں معاونت فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی مشنز کی کارکردگی کا جائزہ صرف روایتی سفارتی کامیابیوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ برآمدات میں اضافے، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول اور پاکستان کے معاشی مفادات کے فروغ میں ان کے کردار کو بھی مدنظر رکھ کر لیا جانا چاہیے۔
