اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف ایک طبقے کی ترقی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی ہے، حکومت پاکستان خواتین کے لیے محفوظ اور مساوی مواقع کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔او آئی سی کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ خواتین سے متعلق اس اہم کانفرنس میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کانفرنس میں شریک تمام مندوبین کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہا۔مریم نواز نے کہاکہ اسلام میں خواتین کے حقوق سے متعلق واضح احکامات موجود ہیں، پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور مہمان نوازی اس کی پہچان ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ حکومت خواتین کی مالی شمولیت اور انہیں کاروباری مواقع کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، طالبات کے لیے اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے تاکہ انہیں جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ خواتین کو آئی ٹی اسکلز کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں مثر کردار ادا کر سکیں۔
مریم نواز نے کہاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے، اپنی چھت اپنا گھر اسکیم سے شہری مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ خواتین کے لیے اپنا روزگار پروگرام ان کا ایک اہم خواب ہے، جس کے ذریعے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ خواتین کی ترقی اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعلی پنجاب نے اپنے خطاب میں کہاکہ شہید بے نظیر بھٹو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں، جنہوں نے خواتین کی سیاسی اور سماجی نمائندگی کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا۔
