لاہور(سب نیوز)پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر، ریئر ایڈمرل (ر) ہز ایکسی لینسی فریڈ سینی ورتھنے نے لاہور میں جمہوری سوشلسٹ جمہوریہ سری لنکا کے اعزازی قونصل خانے میں لاہور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LWCCI) کی بانی صدر ڈاکٹر شہلا اکرم اور صدر فلاحت عمران سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ، خواتین کی قیادت میں کاروباری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی، کاروباری اداروں کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے اور اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ دونوں ممالک باہمی تعاون اور پائیدار اقتصادی ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ملاقات میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرپا شراکت داری مستقبل میں تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
