ہومپاکستانسی ٹی ایس کیخلاف شکایات، وفاقی وزارتِ صحت کے ماتحت اداروں میں تمام بھرتیاں منسوخ

سی ٹی ایس کیخلاف شکایات، وفاقی وزارتِ صحت کے ماتحت اداروں میں تمام بھرتیاں منسوخ

اسلام آباد(ایڈیٹر انویسٹی گیشن)کینیڈیٹ ٹیسٹنگ سروس (سی ٹی ایس)کیخلاف شکایات سامنے آنے پر پمز ، پولی کلینک اور ڈریپ سمیت وفاقی وزارت صحت کے ماتحت تمام اداروں میں بھرتیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت بھی تمام بھرتیاں منسوخ کر دی گئیں ۔

باوثوق ذرائع کے مطابق سی ٹی ایس نے ماضی قریب میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ڈریپ میں بھرتیوں کیلئے امیدواروں کے تحریری ٹیسٹ لئے تھے ، جس کے حوالے سے مبینہ طور پر پیسے لے کر ٹیسٹ پاس کرنے ، ٹیسٹنگ کے عمل میں بے ضابطگیوں اور شفافیت کے حوالے سے شکایات سامنے آئی تھیں جس پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزارت صحت کے ماتحت تمام اداروں میں پی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت تمام بھرتیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ذرائع کایہ بھی بتانا ہے کہ سی ٹی ایس کے حوالے سے امیدواروں اور دیگر حلقوں کی جانب سے متعدد شکایات وزارتِ صحت کے سامنے لائی گئی تھیں۔ شکایات میں الزام عائد کیا گیا کہ بھرتی کے لیے تحریری ٹیسٹ کے انعقاد کے دوران امیدواروں سے مختلف مد میں رقوم وصول کی گئیں، جبکہ ٹیسٹنگ کے عمل میں دیگر بے ضابطگیوں اور شفافیت سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے۔

شکایات کا جائزہ لینے کے بعد وزارتِ صحت نے سی ٹی ایس کے ذریعے جاری بھرتی کے عمل کو روکنے اور منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو منسوخ کرنے کا مقصد امیدواروں کے تحفظات دور کرنے، میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے اور بھرتی کے پورے عمل کو قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امیدواروں سے ٹیسٹ فیس اور دیگر مبینہ رقوم کی وصولی سمیت سامنے آنے والی شکایات کی مکمل جانچ پڑتال بھی کی جا سکتی ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور آئندہ بھرتیوں کے عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہ رہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔