ہومتازہ ترینامریکی صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے تمام بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعوی

امریکی صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے تمام بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعوی

واشنگٹن (سب نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز سے تمام سمندری بارودی سرنگیں ہٹانے کا دعوی کیا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی بھی جہاز یا کشتی نے دوبارہ بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کی تو اسے فوری طور پر تباہ کردیا جائے گا۔
منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحریہ نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں سے تمام بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں یا انہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی جہاز یا کشتی نے دوبارہ بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کی تو اسے فوری اور منظم طریقے سے تباہ کردیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے دعوی کیا کہ امریکی اسپیس فورس آبنائے ہرمز کے ایک ایک حصے کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی نگرانی پک ایکس مانٹین اور ایران کے دیگر 3 جوہری مقامات پر بھی جاری ہے، جن کے بارے میں امریکی صدر نے دعوی کیا کہ انہیں پہلے ہی تباہ کیا جاچکا ہے۔انہوں نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہونے کا بھی اعلان کیا۔ امریکی صدر اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ دعوی کرچکے ہیں کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کردی ہیں اور گزشتہ ہفتے بھی انہوں نے ایسے ہی دعوے کیے تھے۔
صدر ٹرمپ آبنائے ہرمز پر امریکی کنٹرول کا دعوی بھی کرتے رہے ہیں اور ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی پیش رفت کو اجاگر کرتے رہے ہیں۔اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ ناکام اسلامی جمہوریہ ایران اپنی فوج کی ایک بڑی تعداد کو تنخواہوں کی ادائیگیاں نہیں کر رہا اور اس دوران ایران مظاہرین کو بھی قتل کررہا ہے۔صدرٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایران میں مظاہرین کے علاوہ ایسے افراد کو بھی ہلاک کیا جا رہا ہے جو احتجاج نہیں کر رہے اور یہ صورت حال پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔امریکی صدر نے ایران کی صورت حال کو انتہائی سنگین انسانی بحران قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے فوری طور پر روکا جانا چاہیے تاہم انہوں نے اپنے دعوں کے ثبوت فراہم نہیں کیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔