ہومبریکنگ نیوزاو آئی سی کی خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق وزارتی کانفرنس کا کل آغاز، غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع

او آئی سی کی خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق وزارتی کانفرنس کا کل آغاز، غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع

اسلام آباد (آئی پی ایس )اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین کے امور سے متعلق 9ویں وزارتی کانفرنس کل (اتوار) سے شروع ہو رہی ہے، جس میں 57 رکن ممالک کے وزرا، اعلی حکام اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے خواتین کو سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانے سے متعلق چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔2 روزہ کانفرنس 12 اور 13 جولائی کو جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے، جس کے لیے مختلف رکن ممالک کے وفود ہفتے کے روز اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مہمان وفود کا استقبال وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق، پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف فرح ناز اکبر اور دیگر اعلی حکام نے کیا۔کانفرنس کا موضوع او آئی سی ممالک میں خواتین کو سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانا، چیلنجز اور مستقبل کا راستہرکھا گیا ہے۔

وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ پاکستان کی جانب سے کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان رکن ممالک کے درمیان مکالمے، اتفاقِ رائے اور خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی قیادت کرے گا۔کانفرنس میں سعودی عرب، مصر، بنگلہ دیش، عراق، لیبیا، یمن، نائجیریا، صومالیہ اور موریطانیہ سمیت مختلف اسلامی ممالک کے وزرا اور خواتین کے امور سے متعلق اعلی حکام شریک ہو رہے ہیں، جو تجربات، کامیاب پالیسیوں اور مستقبل کے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے تمام شریک وفود کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کانفرنس کی کامیابی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے نمائندے اس اہم اجلاس میں شریک ہوں گے۔

حکومتی موقف کے مطابق اس کانفرنس کی میزبانی پاکستان کے او آئی سی کے مقاصد سے عزم اور اسلامی ممالک کے درمیان خواتین کے حقوق، وقار اور بااختیار بنانے کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔2 روزہ اجلاس کے دوران رکن ممالک خواتین کی ترقی سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے پر غور کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔