راولپنڈی( ایڈیٹر انو یسٹی گیشن)راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے منظور شدہ ڈیزائن میں مبینہ ردوبدل کے معاملے پر پنجاب حکومت نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب احمد رضا سرور کو انکوائری سونپ دی گئی ہے، جو ابتدائی رپورٹ پنجاب حکومت کو پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق احمد رضا سرور نے راولپنڈی کا دورہ کرتے ہوئے آر ڈی اے سے رنگ روڈ منصوبے کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے،تحقیقات کے دوران این او سیز، منظور شدہ نقشے، ایکسیس روڈ، لینڈ یوز، بلڈنگ پلان، پٹرول پمپ منظوریوں اور دیگر قانونی دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا،جبکہ 28 جنوری 2026 کو جاری مبینہ این او سی کی بھی سرکاری ریکارڈ سے تصدیق کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ آیا پنجاب حکومت کی منظوری کے بغیر منصوبے کے منظور شدہ ڈیزائن میں تبدیلی کی گئی، اور نجی سروس ایریاز کو رسائی دینے کے لیے این او سی جاری کرنے میں قواعد و ضوابط پر عمل کیا گیا یا نہیں،ذرائع کے مطابق یہ معاملہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں دائر رٹ پٹیشن اور آر ڈی اے کی انٹرا کورٹ اپیل کے بعد سامنے آیا۔
ذرائع کے مطابق مبینہ این او سی کے بعد سرمایہ کار مظہر رحیم اعوان نے راولپنڈی رنگ روڈ پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے دونوں اطراف 102 کنال سے زائد اراضی خریدی، سرکاری واجبات کی مد میں 3 کروڑ 17 لاکھ 84 ہزار روپے جمع کرائے اور سروس ایریا منصوبے پر 75 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی۔ذرائع کے مطابق اس معاملے کے تناظر میں سابق کمشنر عامر خٹک، سابق ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، اے ڈی سی آر شہریار شیرازی، اسسٹنٹ کمشنر حاکم خان اور سابق ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضی کو پہلے ہی تبدیل کیا جا چکا ہے۔
