کوئٹہ(آئی پی ایس )حکومت بلوچستان نے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے لسبیلہ کے نام سے نئے ڈویژن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئے ڈویژن میں لسبیلہ، حب اور آواران اضلاع شامل ہوں گے، جبکہ اس کا ہیڈکوارٹر اوتھل میں قائم کیا گیا ہے۔حکومت بلوچستان نے صوبے میں انتظامی امور کو مزید مثر بنانے کے لیے لسبیلہ ڈویژن کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قائم کیے گئے لسبیلہ ڈویژن میں لسبیلہ، حب اور آواران کے اضلاع شامل کیے گئے ہیں، جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹر اوتھل میں قائم کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت ضلع خضدار کی سب تحصیل سارونہ کی انتظامی حدود میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ سارونہ کی 2 یونین کونسلوں کو الگ الگ اضلاع میں شامل کر دیا گیا ہے، جن میں ایک یونین کونسل کو ضلع لسبیلہ جبکہ دوسری یونین کونسل کو ضلع حب کا حصہ بنایا گیا ہے۔
حکومت بلوچستان کے مطابق نئے ڈویژن کے قیام اور انتظامی حدود میں ردوبدل کا مقصد صوبے میں انتظامی نظام کو مزید مثر بنانا، عوام کو بہتر سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا اور مقامی سطح پر حکومتی امور کو بہتر انداز میں چلانا ہے۔لسبیلہ ڈویژن کے قیام کے بعد متعلقہ اضلاع میں انتظامی معاملات نئے ڈویژنل ڈھانچے کے تحت انجام دیے جائیں گے، جبکہ اس حوالے سے مزید انتظامی اقدامات بھی مرحلہ وار کیے جائیں گے۔
