ہومپاکستانافواجِ پاکستان قومی استحکام کی علامت، پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ ایمان اور اخوت پر قائم ہے، صاحبزادہ سعید الرشید عباسی

افواجِ پاکستان قومی استحکام کی علامت، پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ ایمان اور اخوت پر قائم ہے، صاحبزادہ سعید الرشید عباسی

جدہ(خالد نواز چیمہ)مشائخ و علما کونسل پاکستان کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ سعید الرشید عباسی نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کی مضبوط علامت ہیں۔ فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ ایمان، عقیدت، اخوت اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پوری امتِ مسلمہ کے دلوں کی دھڑکن ہیں، جہاں دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کی خدمت کے لیے سعودی قیادت شب و روز کوشاں ہے۔صاحبزادہ سعید الرشید عباسی نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں حرمین شریفین کی توسیع، جدید تعمیراتی منصوبوں اور زائرین کو فراہم کی جانے والی مثالی سہولیات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات امتِ مسلمہ کے لیے عظیم خدمت ہیں۔انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار، محنت، دیانت اور قانون کی پابندی کے ذریعے پاکستان کے بہترین سفیر بنیں، مملکت کے قوانین کا مکمل احترام کریں اور اپنے وطن کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عوام پاکستان اور پاکستانیوں سے خصوصی محبت رکھتے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کو حرمین شریفین کے دفاع اور خدمت کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے کردار ادا کرنے کا اعزاز بھی حاصل رہا ہے، جو ہر پاکستانی کے لیے باعثِ فخر ہے۔آخر میں صاحبزادہ سعید الرشید عباسی نے پاکستانی قوم، افواجِ پاکستان اور وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی لازوال دوستی مستقبل میں بھی مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔