ہومپاکستانپرتگال کے سفیر کی لاہور چیمبر آمد، پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

پرتگال کے سفیر کی لاہور چیمبر آمد، پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

لاہور(سب نیوز) پاکستان میں تعینات پرتگال کے سفیر ہز ایکسیلینسی مسٹر پالو ڈومنگیز نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سیگل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے، باہمی تجارتی روابط کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط استوار کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودھی، سابق سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، پرتگال کے اعزازی قونصل افتخار فیروز، جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین علی عمران، سید حسن رضا، امیر علی، محسن بشیر، منیب منو، ندیم انصاری اور عبدالمجید بھی موجود تھے۔
شرکا نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان قریبی روابط اور مشترکہ اقدامات سے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔