اسلام آباد(سب نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے ڈپٹی کمشنر اور سینئر اسپیشل مجسٹریٹ سردار محمد آصف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کاروباری برادری کے ساتھ قریبی رابطے اور موثر تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا اور ان کا دفتر تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کھلا رہے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے چیمبر کی قیادت اور اراکین سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اپنے خطاب میں سردار محمد آصف نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کا حقیقی انجن ہے، جو مختلف چیلنجز کے باوجود قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو جدید سہولیات سے آراستہ، مثالی اور ترقی یافتہ دارالحکومت بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور شہری انتظامیہ اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط اشتراک عمل ہی پائیدار شہری ترقی کی ضمانت بن سکتا ہے۔اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ کاروباری برادری اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے درمیان خصوصی تعلقات موجود ہیں، جن کا مقصد وفاقی دارالحکومت کی ترقی، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ اور اسلام آباد کو ایک علاقائی کاروباری مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور سی ڈی اے کے درمیان خوشگوار اور مضبوط تعلقات اسلام آباد کو صاف، سرسبز، خوبصورت اور کاروبار دوست شہر بنانے میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید مستحکم ہوگا جس سے دارالحکومت کی ترقی اور خوبصورتی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔چیئرمین آئی سی سی آئی فانڈر گروپ شیخ طارق صادق نے کہا کہ سرکاری اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط اور تعمیری تعلقات معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری کے ساتھ سی ڈی اے انتظامیہ کے مثبت اور فعال رابطوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے روابط باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔اپنے اظہارِ تشکر میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ادارہ جاتی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی شہری اور تجارتی مسائل کے حل اور کاروبار دوست ماحول کے فروغ کے لیے سی ڈی اے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔
اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران مرزا محمد علی، ملک عبدالعزیز، راجہ نوید ستی، سابق سینئر نائب صدور خالد چوہدری اور چوہدری مختار احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اسلام آباد کی مسلسل ترقی و خوشحالی کے لیے کاروباری برادری اور شہری اداروں کے درمیان مزید موثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
کاروباری برادری کیلئے اوپن ڈور پالیسی جاری رہے ، ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے سردار محمد آصف
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
