اسلام آباد(سب نیوز)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف کو آزاد کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے بجائے ان میں حصہ لینا چاہیے تھا، کیونکہ انتخابی میدان خالی چھوڑنا کسی بھی سیاسی جماعت اور اس کی قیادت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے دور سے آج تک تمام مشکلات کے باوجود جمہوری نظام کا حصہ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ یہ بات کر چکے ہیں کہ کشمیری پاکستان سے محبت کرتے ہیں، اس لیے جب بھی اس نوعیت کے معاملات سامنے آئیں تو بہترین راستہ بات چیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکشن کمیٹی بھی لچک کا مظاہرہ کرے، حکومت بھی مثبت رویہ اختیار کرے تاکہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو سکیں۔سردار تنویر الیاس سے متعلق سوال پر گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ جب تک پارٹی میں رہے، اچھے انداز میں رہے اور پارٹی بھی انہیں ساتھ لے کر چلنا چاہتی تھی، تاہم یہ ممکن نہ ہو سکا۔ عوام میں جانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج یہ کہتے ہیں کہ عوام میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، اس روایت کی ابتدا بھی انہوں نے خود ہی کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مکافاتِ عمل ہے، جیسے کریں گے ویسے ہی بھریں گے۔
پی ٹی آئی کو آزاد کشمیر انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کے بجائے ان میں حصہ لینا چاہیے تھا، گورنر پنجاب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
