ہومشوبزدبئی میں معروف شاعر احمد اشفاق کے اعزاز میں شاندار ادبی عشائیہ

دبئی میں معروف شاعر احمد اشفاق کے اعزاز میں شاندار ادبی عشائیہ

دبئی – متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں قطر میں مقیم معروف اردو شاعر اور بین الاقوامی مشاعروں کے منتظم جناب احمد اشفاق کے اعزاز میں ایک پر وقار عشائیہ اور ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے منتظمین ڈاکٹر رحمینہ ظفر اور معروف شاعر سلیمان جاذب تھے۔

تقریب کا آغاز عشائیہ سے قبل ایک علمی و ادبی نشست سے ہوا، جس میں احمد اشفاق کی ادبی خدمات، فنی کمالات اور شعری سفر پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے ان کی بین الاقوامی سطح پر ادب کی ترویج میں خدمات کو سراہا۔ نشست کی صدارت معروف ادیب و شاعر ظہیر مشتاق رانا نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب اعجاز شاہین، جناب عابد حسین اور جناب ظہیر مشتاق رانا نے احمد اشفاق کی شخصیت اور فن پر اظہارِ خیال کیا۔

بعد ازاں ایک شعری نشست (مشاعرہ) منعقد ہوا، جس میں جناب احمد اشفاق بطور مہمانِ خصوصی اور جناب فرہاد جبریل بطور مہمانِ اعزاز شامل تھے۔ مشاعرے کی صدارت بھی ظہیر مشتاق رانا نے کی۔ مہمانانِ گرامی کے علاوہ میزبان شعراء میں اعجاز شاہین، سلیمان جاذب، معید مرزا، ابرار عمر، زاہد علی درویش، عدنان منور، آصف پیرزادہ اور شہناز خانم نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔

تقریب کے دونوں حصوں یعنی علمی نشست اور مشاعرے کی نظامت کے فرائض معروف شاعر سلیمان جاذب نے بخوبی انجام دیے۔

اس ادبی موقع پر کسوٹی جدید کے مدیر جناب افضل خان نے بھی خصوصی شرکت کی اور دیگر خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے بھی اس نشست میں دلچسپی لی۔

تقریب کے خصوصی حصے میں ادبی فورم پاکستان سوشل سنٹر کی جانب سے جناب احمد اشفاق کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی، جو ڈاکٹر رحمینہ ظفر اور سلیمان جاذب نے انہیں بطورِ خراجِ تحسین پیش کی۔

مہمانوں کا استقبال ڈاکٹر رحمینہ ظفر نے کیا، جبکہ اختتام پر انہوں نے تمام شرکاء، شعراء اور مہمانوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس نشست کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

یہ تقریب ادبی حلقوں میں بے حد سراہی گئی اور شرکاء نے اسے ایک یادگار اور اہم ادبی نشست قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔