ہومپاکستانچیئرمین سی ڈی اے سے بحرینی سفیرکی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر گفتگو

چیئرمین سی ڈی اے سے بحرینی سفیرکی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر گفتگو

اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف سے بحرین کے سفیر محمد ابرہیم محمد عبد القدیرنے ملاقات کی ، چیئرمین سی ڈی اے نے بحرین کے سفیر کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خوش آمدید کہا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں سمیت مختلف اربن چینلجز پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی کو بر قرار رکھنے کے لیے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سی ڈی اے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ، دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں میں آگاہی پیدا کی جارہی ہے کہ وہ آبی گذرگاہوں پر ہر قسم کی تعمیرات سے اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا پاکستان اپنے برادر اسلامی ملک بحرین کیساتھ تعلقات کو انتہائی عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ملاقات میں بحرین کے سفیر نے دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی اور سر سبز و شادابی کو سراہا

بحرین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین گہرے تاریخی، ثقافتی و مذہبی لحاظ سے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مزید شعبوں میں تعاون اور شہری سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔بحرین کے سفیر نے ڈپلومیٹک انکلیو میں بحرین کے سفارتخانہ کیلئے جگہ کے حصول کیلئے تبادلہ خیال کیا ۔سہیل اشرف نے مزید کہا کہ سی ڈی اے سفارتخانے کیلئے اراضی فراہم کرنے میں ہر ممکن تعاون کریگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔