Tuesday, June 23, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینپاکستان اور کشمیر کا تعلق لازوال، میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، خواجہ آصف

پاکستان اور کشمیر کا تعلق لازوال، میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (سب نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے آزاد جموں و کشمیر کے بحران سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ریمارکس صاف، دوٹوک اور دیانتدارانہ تھے، تاہم کچھ عناصر کی جانب سے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایسے عناصر پاکستان اور کشمیر کو جدا نہیں کر سکتے نہ ہی کشمیر سے پاکستان کے رشتے کو ختم کر سکتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہاکہ اکتوبر 1947 میں پاکستان ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں تاریخ میں محفوظ ہیں اور ہمیشہ ان کی یادوں کا حصہ رہیں گی۔ اسی طرح بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد گزشتہ 78 برسوں سے شہادتوں اور قید و بند کی صعوبتوں سے عبارت ایک داستان ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے لیے پاکستان کے عزم کا ثبوت 5 جنگوں میں ہمارے شہدا کا بہایا گیا خون ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے اور حق خودارادیت کے اصولی مقف پر پاکستان آج بھی ثابت قدم ہے۔وزیر دفاع نے کہاکہ اس پس منظر میں آزاد جموں و کشمیر سے پاکستان اور مسئلہ کشمیر کے خلاف اٹھنے والی وہ آوازیں، جو مذموم مقاصد اور بیرونی ایجنڈے سے متاثر ہیں، ان کا سخت ترین انداز میں جواب دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ایک طرف وہ کشمیری ہیں جنہوں نے ہجرت کی قیمت ادا کی، جبکہ دوسری جانب بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر کے وہ لوگ، جو کئی دہائیوں سے پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے فوجیوں، اور یقینا آزاد کشمیر کے بہادر سپاہیوں کی حفاظت میں امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور 1947 سمیت بعد کے برسوں میں ہجرت کرنے والے مہاجرین کی قربانیوں کو تسلیم کریں۔ ان قربانیوں کو کم تر ثابت کرنا دراصل مسئلہ کشمیر کی نفی کے مترادف ہے۔خواجہ آصف نے کہاکہ ان کی عاجزانہ رائے میں کشمیریت کی تعریف پیدائشی سرٹیفکیٹ سے نہیں بلکہ گزشتہ قریبا 8 دہائیوں کے دوران پاکستانیوں، جن میں کشمیری اور دیگر تمام پاکستانی شامل ہیں، کی دی گئی قربانیوں اور جدوجہد سے ہوتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔