برگن اسٹاک(سب نیوز)سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اِگنازیو کاسِس، نے برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے والے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مثر ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے آئندہ مراحل میں بھی تعاون اور معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد نہ صرف خطے میں پائیدار امن بلکہ عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلی تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ملاقات میں ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ مسٹر اِگنازیو کاسِس کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سوئس نائب صدر کی ملاقات، پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔

