Monday, June 22, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانکیوبا اور روس کے سفرا کی اسلام آباد میں ملاقات، دوطرفہ تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

کیوبا اور روس کے سفرا کی اسلام آباد میں ملاقات، دوطرفہ تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں کیوبا کے سفیر دامیان کوردیرو توریس نے اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے روس کے سفیر البرٹ پی خوریف سے خیرسگالی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں سفارت کاروں نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی، جس نے کیوبا اور روس کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات اور باہمی اعتماد کی عکاسی کی۔

ملاقات کے دوران کیوبا کے سفیر دامیان کوردیرو توریس نے حالیہ ڈرون حملے کے نتیجے میں روسی دارالحکومت میں ہونے والی شہری ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں اور روسی عوام سے دلی تعزیت کرتے ہوئے جاری تنازع کے پرامن حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا پائیدار حل بات چیت اور سیاسی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔کیوبا کے سفیر نے اس موقع پر روس کی جانب سے اپنے ملک کے ساتھ مسلسل تعاون اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا کو امریکی اقتصادی اور توانائی پابندیوں سمیت مختلف یکطرفہ دبا کا سامنا ہے، اور ایسے حالات میں روس کی حمایت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کیوبا کے سفیر کی آمد اور اظہارِ یکجہتی کو سراہتے ہوئے کیوبا کے لیے روس کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کیوبا کی استقامت اور موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔بیان کے مطابق یہ ملاقات پاکستان میں موجود سفارتی برادری کے ساتھ کیوبا کے سفارت خانے کے جاری روابط کا حصہ تھی، جس کا مقصد سفارتی مکالمے کو فروغ دینا، باہمی تعاون کو وسعت دینا اور بین الاقوامی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔