برگن اسٹاک(سب نیوز)امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین سپہ سالار قرار دیا ہے۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شروع دن سے ہمارے ساتھ ہیں اور پاکستان کا مثبت کردار دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکا ایران امن مذاکرات کے سیشن کے بعد پاکستانی وزیراعظم میاں شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر میرے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتہائی قریبی دوست ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات اور سیکیورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔جے ڈی وینس نے گفتگو کے دوران کہا کہ میں پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی طور پر ذکر کرنا چاہتا ہوں۔ جب فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم نے اسلام آباد میں ہمارا استقبال کیا، تو میں مذاقا کہا کرتا تھا کہ میری زندگی میں 2 انتہائی اہم شخصیات ہیں، ایک بھارتی اور ایک پاکستانی، بھارتی میری اہلیہ ہیں اور پاکستانی جو ہیں وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران، شاید ہی میں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے زیادہ کسی اور شخص سے گفتگو کی ہو۔ ان کی مدبرانہ قیادت کے بغیر ہم آج یہاں موجود نہ ہوتے۔ وہ یقینا ایک عظیم فوجی رہنما ہیں، لیکن انہوں نے خود کو ایک بہترین سفارتکار بھی ثابت کیا ہے۔
عالمی حالات بالخصوص مشرقِ وسطی کی کشیدگی پر بات کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ مشرقِ وسطی میں قیامِ امن ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہم لبنان میں سیز فائر کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہمیں خطے میں جاری اس مسئلے کا مستقل سفارتی حل تلاش کرنے کا مکمل اختیار دیا ہے۔امریکی نائب صدر نے خطے کے دیگر ممالک کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم امن کی کوششوں کے لیے ایران کے مثبت کردار کے بھی خواہاں ہیں۔میڈیا سے گفتگو کے اختتام پر انہوں نے پاک، امریکا تعلقات اور عالمی امن کے مستقبل پر روشنی ڈالتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ ہم مستقبل کے لیے مزید بہتر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ خطے سمیت دنیا بھر میں پائیدار امن و استحکام کو ممکن بنایا جا سکے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی نائب صدر کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

