Friday, May 15, 2026
ہومپاکستانامریکی تحویل سے 20ایرانی، 11پاکستانی شہریوں کی رہائی میں کامیابی حاصل کرلی،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

امریکی تحویل سے 20ایرانی، 11پاکستانی شہریوں کی رہائی میں کامیابی حاصل کرلی،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہازوں میں سوار 20 ایرانی اور 11 پاکستانی شہریوں کی رہائی میں کامیابی حاصل کرلی ہے اور انہیں وطن واپس لایا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ الحمدللہ، مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے سنگاپور کے ذریعے 11 پاکستانیوں اور ہمارے برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی وطن واپسی میں کامیابی حاصل کر لی ہے جو امریکا کی جانب سے گہرے سمندر میں تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصا مشکلات کا شکار افراد کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔امریکی تحویل سے رہائی پانے والے شہریوں کے حوالے سے اسحاق ڈار نے بتایا کہ تمام افراد سنگاپور سے بینکاک پہنچ چکے ہیں اور آج رات اسلام آباد پہنچنے والی پرواز میں سوار ہو چکے ہیں، بعد ازاں ہمارے ایرانی بھائیوں کو وطن واپس پہنچنے کے لیے سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سنگارپور کے وزیر خارجہ ویویان بالا، سنگاپور کے وزیر اعظم اور حکومت سنگاپور کا انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے میری درخواست پر اس پورے عمل میں مسلسل تعاون اور رابطہ رکھا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں ایران کے وزیر خارجہ برادر عباس عراقچی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنے ایرانی بھائیوں کی واپسی کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا۔امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت امریکا اور روبیو نے پاکستانی اور ایرانی 31 شہریوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون کیا اور حکومت تھائی لینڈ اور نائب وزیراعظم سیہاسیک پھوئنگ کیٹکیو کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہماری درخواست پر ان افراد کے بینکاک کے ذریعے ٹرانزٹ میں سہولت فراہم کی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور سنگاپور اور تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں اپنے ساتھیوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بروقت رابطہ کاری اور انتھک محنت کے ذریعے اپنے شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کو محفوظ، ممکن اور کامیاب بنایا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔