Friday, May 15, 2026
ہومپاکستانحکومت کا اعلی سرکاری افسران کے اثاثے دسمبر 2026تک ڈیکلئر کرنے کا فیصلہ

حکومت کا اعلی سرکاری افسران کے اثاثے دسمبر 2026تک ڈیکلئر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)حکومت نے اعلی سرکاری افسران کے اثاثے دسمبر 2026تک ڈیکلئر کرنے کا فیصلہ کر لیا، افسران کی خفیہ معلومات اور اثاثوں کی تفصیلات عوام کیلئے دستیاب ہونگی، منی لانڈرنگ اور مشکوک مالی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے افسران کے اثاثہ جات تک بینکوں کی رسائی مزید بڑھائی جائے گی، چیئرمین نیب کی تقرری شفاف بنا کر ادارے کی سالانہ کارکردگی رپورٹ شائع بھی کی جائے گی۔
ایسٹس ڈیکلریشن کا نظام وضع کرنے کیلئے دسمبر 2026 کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی، منی لانڈرنگ اور مشکوک مالی سرگرمیوں کی بہتر نگرانی شروع کی جا چکی، دستاویز کے مطابق اعلی سرکاری افسران کے اثاثہ جات تک بینکوں کی رسائی مزید بڑھا دی گئی ہے۔اثاثہ جات کی معلومات مرکزی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے جمع ہوں گی۔ جون 2026 تک ایف بی آر اعدادوشمار اپنی ویب سائٹ پر جاری کریگا۔ جولائی 2026 تک اثاثہ جات جمع کرانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم بنایا جائے گا، اکتوبر 2026 تک کرپشن رسک اسسمنٹ کا طریقہ کار تیار کیا جائے گا، اس کا مقصد سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خطرات کم کرنا ہے۔
حکومت نے کرپشن کیخلاف سرگرم ادارے مضبوط بنانے کی بھی یقین دہانی کروا دی۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کی تقرری کا عمل مزید شفاف بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ آئی ایم ایف کو بتایا گیا قانون میں ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔ نیب کی تحقیقات، مقدمات کے قواعد اور سالانہ کارکردگی رپورٹ شائع کی جائے گی۔ صوبائی سطح پر انٹی کرپشن اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی تاکہ مالی بدعنوانی سے متعلق خطرات پر قابو پایا جاسکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔