Saturday, May 9, 2026
ہومپاکستانجماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

جماعت اسلامی کے مہنگائی کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

اسلام آباد/لاہور/کراچی ، جماعت اسلامی کی جانب سے لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں اور شہروں میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی کال پر مہنگائی کے خلاف ملک بھر کی طر ح اسلام آباد کے مختلف مقامات علی پور ، پی ڈبلیودی ، آئی ٹین ، غوری ٹاون ، اور جھنگی سیداں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں جماعت اسلامی کے کارکنان سمیت سینکڑوں شہریوں نے شر کت کی، احتجاجی مظاہروں کے شرکاسے نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد و گروپ لیڈر این 52ملک عبدالعزیز اور جماعت اسلامی کے رہنمامیاں محمد رمضان اور ناظمین یونین کونسل نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کر تے ہو تے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہا بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران دو سو سے تین سو فیصد اضافہ ہوا اس کے ساتھ ساتھ ہر ماہ عوام پر پیٹرول بم گرایا جاتا ہے،پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ مہنگائی، بے روزگاری سے عوام کے اوسان خطا کر دئیے، انھوں نے کہا کہ حکمران ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہیں،انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف عوام کی مشکلات میں اضافے کے لیے ایک ہی پیج پر ہیں، حکومت کے تین سالوں میں عوام کی محرومیوں، مایوسیوں اور مصیبتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی، کرپشن سے عوام بدحال اور مافیاز کی چاندی ہوئی، جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے کہاقوم خوشحال پاکستان کے لیے ووٹ کی قوت سے جماعت اسلامی کو سپورٹ کریں، تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ، کیونکہ پیپلزپارٹی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی کی حکومتوں کو آزما لیا، انھوں نے عوام کے ارمانوں کا خون اور قومی وقار کا سودا کیا ہے، ان کے دور میں کرپشن اور غیر ملکی قرضوں نے دن دگنی رات چوگنی ترقی کی ہے،حکومت کی اب تک کی کارکردگی زبانی جمع خرچ اور پریس کانفرنسوں کے علاوہ کچھ بھی نہیں،انھوں نے کہاوزیر اعظم اپنے نعروں اور وعدوں سے یوٹرنز کے ساتھ ہیرو نہیں زیرو ہو چکے، ترقی اور خوشحالی کی متلاشی عوام نے تاریخی دھوکا کھایا ہے۔لاہور میں وحدت روڈ پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ تبدیلی سرکار ناکام ہو چکی ملک تباہی کی جانب گامزن ہے ، عمران خان نے قوم سے کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا ، مہنگائی سے شہری خودکشی کررہے ہیں جبکہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں مگن ہے۔ذکراللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ آٹا ، گھی ، چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، جماعت اسلامی حکومت کی کارکردگی کو مسترد کرتی ہے، عمران خان کے پاس کوئی روڈ میپ اور نظریہ نہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔