Wednesday, May 6, 2026
ہومپاکستانپی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں 7سے 11مئی کے دوران ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا

پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں 7سے 11مئی کے دوران ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا

لاہور (سب نیوز)پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں 7 سے 11 مئی کے دوران ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاوالدین، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت مزید زیادہ رہنے کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال میں بھی شدید گرمی متوقع ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق رات کے اوقات میں بھی درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے جبکہ گرد آلود ہواں اور طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں، بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی تاکید کی گئی ہے۔کاشتکاروں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے شکار افراد کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
شہری علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے جا رہے ہیں جہاں صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں، موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی متحرک رہیں گی تاکہ ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن کے کیسز سے بروقت نمٹا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید گرمی کے باعث شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔