Wednesday, May 6, 2026
ہومپاکستانبلوچستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفاقی وزرا کی شرکت

بلوچستان میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفاقی وزرا کی شرکت

راولپنڈی (سب نیوز)بلوچستان میں دہشتگردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا، حاضر سروس و ریٹائر سول و عسکری حکام، شہید کے اہل خانہ اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ کرنل حسین کا تعلق سرگودھا سے تھا، جو بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں کمانڈ کرتے ہوئے زخمی ہوئے اور بعد ازاں شہید ہوگئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی جرات، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور یہ قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔