Sunday, May 3, 2026
ہومتازہ ترینامریکا کو سفارت کاری یا محاذ آرائی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا،ایران

امریکا کو سفارت کاری یا محاذ آرائی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا،ایران

تہران (آئی پی ایس )ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ ملک ہر ممکن صورتِ حال کے لیے تیار ہے اور امریکا کو اب سفارت کاری یا محاذ آرائی میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہوگا، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان فی الحال جنگ بندی برقرار ہے۔الجزیرہ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران ہر قسم کی جارحیت کا موثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اپنی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

تہران میں تعینات سفیروں اور غیر ملکی سفارتی مشنز کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران مفادات پر مبنی سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور تنازعات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران نے جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے اپنی تجویز پاکستان کے ذریعے امریکا تک پہنچائی۔انہوں نے واضح کیا کہ اب فیصلہ امریکا کو کرنا ہے کہ وہ سفارت کاری کا راستہ اختیار کرتا ہے یا محاذ آرائی کو جاری رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران دونوں راستوں کے لیے تیار ہے تاکہ اپنے قومی مفادات اور سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، تاہم امریکا کے حوالے سے بداعتمادی برقرار ہے۔دوسری جانب سی این این کے مطابق ایک ایرانی فوجی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ دوبارہ کشیدگی پیدا ہونے کا امکان موجود ہے، خاص طور پر اس کے بعد جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کی حالیہ امن تجویز کو مسترد کر دیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہو تو امریکا ممکنہ طور پر بہتر پوزیشن میں ہو سکتا ہے، جس سے مذاکراتی عمل مزید غیر یقینی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔