Tuesday, June 9, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانبحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات،دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات،دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر، جنرل شیخ محمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں معزز سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، جس میں برادر ممالک کی مسلح افواج کے مابین دفاعی تعاون اور پیشہ ورانہ اشتراک کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جاری جدت طرازی مہم پر روشنی ڈالی، جس میں صلاحیتوں میں اضافہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مقامی سطح پر دفاعی استعداد کی توسیع اور عصرِ حاضر کی جنگی ضروریات سے ہم آہنگ تربیتی نظام کی تشکیل شامل ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کو پائیدار تعاون کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

ملاقات کے دوران ڈرون وارفئیر کے ارتقائی پہلوں پر خصوصی گفتگو ہوئی، جس میں دونوں جانب سے جدید عسکری آپریشنز میں بغیر پائلٹ فضائی نظاموں کے بڑھتے ہوئے کردار اور علاقائی سلامتی کے موجودہ چیلنجز کے تناظر میں مستقبل کی جنگوں اور ان کے اثرات کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔دونوں سربراہان نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر بھی گفتگو کی اور مصنوعی ذہانت، خودکار نظاموں، جدید سینسرز اور ڈیجیٹل جدت طرازی کے دفاعی صلاحیتوں کی تشکیل میں انقلابی کردار کو اجاگر کیا۔ دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ “پاکستان، مملکت بحرین کے ساتھ اپنے دیرینہ سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہماری شراکت داری باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں جدت طرازی ، مقامی دفاعی استعداد کی ترقی اور آپریشنل مہارت کے شعبوں میں حاصل کی جانے والی کامیابیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاک فضائیہ کی کثیرالجہتی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے تربیت اور جدید جنگی شعبوں میں اس کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔جدید فضائی خطرات کی بڑھتی ہوئی پیچیدگی کے پیش نظر دونوں فریقین نے موجودہ فضائی دفاعی ماحول پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور مربوط دفاعی ڈھانچوں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے۔ بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے جدید تکنیکی انفراسٹرکچر کو بھی سراہا اور بحرین کی مسلح افواج کی مستقبل کی فضائی و ایرو اسپیس صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مخصوص جدید ٹیکنالوجیز کے شعبے میں پاک فضائیہ کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔سربراہ پاک فضائیہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کے درمیان یہ ملاقات پاکستان اور بحرین کے اس مشترکہ عزم کی عکاس ہے جس کا مقصد دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور فوجی تعاون کے فروغ کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کو مستحکم کرنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔