Tuesday, June 9, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانپشاور کے علاقے حسن خیل میں خوارجیوں سے مقابلے میں ایف سی کے 6اہلکار شہید

پشاور کے علاقے حسن خیل میں خوارجیوں سے مقابلے میں ایف سی کے 6اہلکار شہید

پشاور (آئی پی ایس )خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حسن خیل کے علاقے میں خوارج سے مقابلے کے دوران ایف سی کے 6 جوان شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور حسن خیل کے علاقے میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے فیڈرل کانسٹیبلری کے 6 اہلکار شہید ہوئے جن کی نماز جنازہ فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر میں ادا کردی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں شرکت اور نائیک عامر، لانس نائیک محمد یوسف، لانس نائیک محمد ریاض، سپاہی اجمیر، احسان اور ریاض کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور دلاسہ دیا جبکہ ان کے بلند حوصلے کو بھی سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور یکسو ہے،امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید موثر بنائی جائیں گی۔آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے، کمشنر و ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر افسران کی نماز جنازہ میں شرکت ۔آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔