اسلام آباد(سب نیوز ) جعلی اور غیر معیاری مصنوعات کا خاتمہ کیلئے ڈریپ کی نیشنل ٹاسک فورس کو ملک گیر سروے کرنے کی ہدایت ،تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ،ڈائریکٹر کوالٹی کنٹرول چوہدری ذیشان نذیر کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی روایتی ڈسپوزایبل سرنجوں کی درآمد اور تیاری پر مکمل پابندی عائد کر چکی،احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جعلی اور غیر معیاری مصنوعات کے خاتمے کے لیے قائم نیشنل ٹاسک فورس کو روایتی ڈسپوزایبل سرنجوں پر پابندی کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے جامع ملک گیر مارکیٹ سروے کر نے اور ایسی مصنوعات کی نشاندہی کر نے کی ہدایت کی ہے جو پابندی کے باوجود فروخت یا تقسیم کی جا رہی ہیں۔ ڈریپ کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا ہے کہ ٹاسک فورس اس حوالے سے قابل اطلاق قوانین کے مطابق سخت ریگولیٹری کارروائی شروع کرے۔
جعلی اور غیر معیاری طبی مصنوعات مصنوعات کے خاتمے کے لیے قائم نیشنل ٹاسک فورس ایک باہمی تعاون پر مبنی فورم ہے جس میں ڈریپ اور صوبائی ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشنز کے نمائندے شامل ہیں۔ 2025 میں وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ٹاسک فورس کو دوبارہ فعال کیا گیا ۔ دوبارہ فعال ہونے کے بعد سے، نیشنل ٹاسک فورس نے ملک میں ڈسپوزیبل سرنجوں سمیت جعلی اور غیر معیاری ادویات کی لعنت سے نمٹنے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ مراسلے کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے 2021 میں روایتی ڈسپوزایبل سرنجوں کی درآمد اور تیاری پر مکمل پابندی عائد کی ہوئی ہے ۔ اسی مناسبت سے، میڈیکل ڈیوائسز بورڈ نے جولائی 2021 کو منعقدہ ا پنے 36ویں اجلاس میں درآمد شدہ اور مقامی طور پر تیار کردہ روایتی ڈسپوزایبل سرنجوں کی تمام رجسٹریشن منسوخ کر دی تھیں۔
مراسلے کے مطابق مذکورہ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کی تعمیل میں، جعلی اور غیر معیاری مصنوعات کے خاتمے کے لیے نیشنل ٹاسک فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روایتی ڈسپوزایبل سرنجوں پر پابندی کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع ملک گیر مارکیٹ سروے کرے اور ایسی مصنوعات کی نشاندہی کرے جو پابندی کے باوجود فروخت یا تقسیم کی جا رہی ہیں۔ مراسلے میں ٹاسک فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک جامع رپورٹ جس میں سروے کے نتائج اور کیے گئے اقدامات کی نشاندہی کی جائے وہ جمع کروائے۔

