اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے مفتی اسلام آباد اور چیئرمین علما امن کمیٹی پاکستان ڈاکٹر مفتی عقیل الرحمن پیرزادہ سے ملاقات کی، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان امن و استحکام، مذہبی سفارت کاری اور علمائے کرام کے مابین روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔28 ستمبر 2026 کو ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے علمائے کرام کے درمیان فکری و تجرباتی تبادلے اور مشترکہ تعاون کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے تاجکستان کے صدر اور بانیِ امن و قومی اتحاد امام علی رحمان کی امن، استحکام اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعمیری اور امن پسندانہ کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے عالمی امن و استحکام کے حوالے سے تاجکستان کے اس بین الاقوامی اقدام کا بھی ذکر کیا جسے اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہوئی۔مفتی ڈاکٹر عقیل الرحمن پیرزادہ نے پاکستان اور تاجکستان کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کو مضبوط تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔انہوں نے تاجکستان کے روشن مستقبل، پائیدار امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔ملاقات کے اختتام پر مشترکہ تاریخی و ثقافتی ورثے سے اظہارِ عقیدت کے طور پر مہمان کو منشورِ سائرس کی ایک نقل پیش کی گئی، جسے رواداری، مذہبی آزادی اور انسانی حقوق سے متعلق قدیم ترین تاریخی دستاویزات میں شمار کیا جاتا ہے۔
