واشنگٹن (سب نیوز)پاکستانی اور کشمیر ی یک جان اور دو قالب ہیں، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، رانا محمد قاسم نون نے واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اقوام مُتحدہ جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر اپنا مؤقف واضح الفاظ میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ جنرل اسمبلی کےحالیہ اجلاس کے دوران او آئی سی کے رابطہ گروپ میں شامل رکن ممالک نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی بھرپور تائید کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور اس کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل د ر آمد کے ذریعے ہی ممکن ہے،انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کا حصول مسئلہ کشمیر کے منصفا نہ حل سے ہی ممکن ہے، جو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے عین مطابق ہو۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی نے پوری دنیا کے سامنے مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس نے جنوبی ایشیاء کو ا یٹمی جنگ کے دھانے پر لا کھڑا کیا۔چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کا کہنا تھا کہ اقوام مُتحدہ کے 81 ویں سیشن میں شرکت کے بعد واشنگٹن دورے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسلہ ء کشمیر کے دیرپا اور پائیدار حل کی جانب مبذول کر وانا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر گُزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا شکار ہے۔ کشمیر ی شُہدا کی لازوال قر بانیوں کو فرا موش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ ء کشمیر کی حل طلب حیثیت بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی رو سے مُسلمہ۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر قانون ، تاریخ، جغرافیہ، مذہب اور معاشرت کا وزن ہمارے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معشیت اور سیاست پر توجہ اور مسلسل محنت کامیابی کے لئے نا گزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پا کستان کشمیریوں کی اِخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت سے کبھی رو گردانی نہیں کرے گا۔
