واشنگٹن (شازیہ نئیر)مسلمز آف امریکہ کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم پی ایف یو جے کے تعاون سے پاکستانی صحافیوں کے لیے جامع اے آئی اور جرنلزم اسکالرشپ پروگرام اسپانسر کرے گی۔منصوبے کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں ایک ہفتے کی ورکشاپ منعقد کرنے کی تجویز بھی دی پروگرام کا مقصد پاکستانی میڈیا پروفیشنلز کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور پاکستان اور امریکہ کے صحافتی حلقوں کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینا ہے۔ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا کہ موجودہ تیزی سے بدلتے ڈیجیٹل دور میں صحافت صرف خبریں رپورٹ کرنے تک محدود نہیں رہی بلکہ مصنوعی ذہانت جیسے جدید ذرائع کے ذریعے ڈیٹا کے تجزیے، حقائق کی تصدیق اور عالمی سطح پر مسابقت بھی صحافت کا اہم حصہ بن چکی ہے
پاکستانی امریکہ صحافی تنظیم پا پا کی تقریب میں ڈاکٹر ساجد تارڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی اپنے مشاہدات بیان کیے اور عالمی رہنماوں کی شرکت، فلسطینی نمائندگی کے معاملے اور وزیراعظم پاکستان کے خطاب پر گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستانی امریکی کمیونٹی پر زور دیا کہ بیرون ملک پاکستان کے حوالے سے قومی معاملات پر زیادہ متحد آواز سامنے آنی چاہیے اور جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر پاکستان کا مقف پیش کیا جانا چاہیے۔اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ عالمی میڈیا میں مصنوعی ذہانت کے باعث تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر پاکستانی صحافیوں کو جدید تقاضوں کے لیے تیار کرنا ضروری ہے۔انہوں نے جدید صحافت کے لیے ایک ایسا مستقل اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پلیٹ فارم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جہاں صحافیوں کو جدید تربیت، آن لائن تعلیم اور پیشہ ورانہ سرٹیفکیشن کی سہولت حاصل ہو۔
ان کے مطابق امریکی اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون کے ذریعے پاکستانی صحافیوں کو عالمی میڈیا کے نئے معیار سے ہم آہنگ کیا جاسکے انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستانی صحافیوں کے لیے بہتر سہولیات کی ضرورت پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ روزانہ کی سرگرمیوں کا واضح ایجنڈا، منظم بریفنگز اور پاکستان کے سفارتی مقف سے متعلق تازہ معلومات صحافیوں کو بروقت فراہم کی جائیں، تاکہ عالمی فورم سے پاکستان کی موثر کوریج ممکن ہو تقریب کے اختتام پر ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سے آنے والے صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد پیش کی گئیں تقریب میں پاکستان سے آئے ہوئے صحافیوں متین حیدر نئیر علی ، ذوالقرنین حیدر ، شاکر عباسی و دیگر صحافیوں نے شرکت کی
